ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے،  مصباح الحق 

Feb 09, 2021 | 15:03:PM

( 24 نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا نے عرصہ دراز کے بعد پاکستان کا دورہ کیا ہے، ہوم سیریز ہمارے لئے بڑی اہمیت کی حامل تھی،ٹیسٹ میں جیت سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے اور آگےٹی ٹوئنٹی سیریز میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔

‏ تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ مصباح الحق نے میڈیا سے آن لائن گفتگو میں کہا ہے کہ ہوم سیریز ہمارے لئے بڑی اہمیت کی حامل تھی،  ایک تو اپنی کنڈیشنز میں کھیل کر ٹیم اچھا پرفارم کرتی ہے اور اس پر کوئی دباؤ نہیں ہوتا، دوسرا کھلاڑیوں کو بھی ڈویلپ کرنے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی نے نیوزی لینڈ کی سیریز کے بعد جو کہا اس کا دباؤ نہیں تھا بلکہ میرا فوکس صرف کھیل پر ہوتا ہے، دباؤ صرف اس بات کا تھا کہ اچھا پرفارم کر کے جیتنا ہے، جنوبی افریقا کے خلاف کامیابی کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، لوئر آرڈر نے اچھا پرفارم کیا، بیٹسمین اور بولرز تو اچھا کھیلتے ہوئے آرہے تھے لیکن ہمیں کامیابی نہیں مل رہی تھی،  اس سیریز میں فیلڈنگ میں بہتری آئی،  ہم نے چانس مس نہیں کئے اور  اس سیریز میں فرق فیلڈنگ کا تھا جس کی وجہ سے کامیابی ہمیں ملی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم میں اتنا تجربہ نہیں ہے جتنا پہلے تھا لیکن کھلاڑیوں میں بہت پوٹینشل ہے، وہ موقع سے فائدہ اٹھائیں گے، ٹیم کو مکمل طور پر ناتجربہ کار بھی قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ اس میں متعدد کھلاڑی ایسے ہیں جو مسلسل ٹیم کھیلتے ہو ئے بھی آرہے ہیں۔ محمد رضوان اور فہیم اشرف کو ساتھ لے کر اسی لئے چل رہے تھے کہ ان میں بہت ٹیلنٹ ہے جو کہ انہوں نے ثابت کیا ہے، ہمیں اندازہ تھا کہ یہ ہمارے لیے مفید ثابت ہوں گے،ہمیں ساتویں نمبر پر بولنگ آل راؤنڈر کی ضرورت تھی، فہیم اشرف نے ہماری ضرورت پوری کی ہے، محمد رضوان بہت محنتی ہے  اسے موقع دیا جس کا اس نے فائدہ اٹھایا۔مصباح الحق نےکہا کہ اوپنرز آؤٹ آف فارم ہیں، انہیں اعتماد دینے کی ضرورت ہے، ان کی خامیوں پر کام کریں گے،نہ ہمیں ایک دو سیریز کے بعد انہیں تبدیل کرنا چاہیے، عابد علی ، شان مسعود، عمران بٹ اور عبداللہ شفیق کے علاوہ کوئی پرفارم کرتا ہوا اوپنر نظر نہیں آرہا اس لئے ان پر کام کریں گے۔

مزیدخبریں