(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے پاپوش نگر میں واقع قبرستان میں سفری بیگ سے نامعلوم شخص کا دھڑ اور بنارس پل کے قریب واقع ندی کے کنارے سے ایک انسانی بازو ملا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، ملنے والے دھڑ اور بازو کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔
اطلاع ملنے پر پولیس دونوں مقام پر پہنچ گئی اور پولیس نے ملنے والے انسانی دھڑ اور بازو کو تحویل میں لینے کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او پاپوش نگر شوکت اعوان نے بتایا کہ سفری بیگ سے دھڑ کے ساتھ ہاتھ پاؤں اورسرموجود نہیں تھا، سفری بیگ سے پولیس کو آلہ قتل چھری، ہتھوڑی اور ایک زنانہ شال ملی ہے جس سے دھڑ لپٹا ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد،گزشتہ روز زیرو پوائنٹ سے ملنے والی لاش کی شناخت نہ ہوسکی
انہوں نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کی مدد سے مقتول کے جسم کے اعضاء کاٹے ہیں، ملنے والے انسانی بازو کے ساتھ بھی کسی خاتون کے کپڑے ملنے کی اطلاعات ہیں۔
انسانی بازو کا فنگر پرنٹس کی مدد سےشناخت کی کوشش کی گئی لیکن شناخت نہیں ہوسکی، فنگرپرنٹس ڈیوائسز سے شناخت کیلئے انسان کے دونوں ہاتھوں کی تین تین انگلیاں درکارہوتی ہیں لیکن پولیس کو صرف ایک بازو ملا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسی اطلاع ملی تھیں کہ پاپوش نگر قبرستان میں سفری بیگ میں موجود انسانی دھڑ رکشہ میں سوار کوئی خاتون پھینک کر گئی لیکن ایسا ممکن نہیں، یہ کام کسی خاتون کے بس کا نہیں ہے اس واقعے میں ایک سے زائد نامعلوم مرد ملوث ہوسکتے ہیں اور یہ کہنا بھی ابھی قبل از وقت ہوگا کہ ملنے والا انسانی دھڑ اور بازوں ایک ہی انسان کا ہے تاہم اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔