حکومتی دھمکیاں کسی کام نہ آئیں، پٹرول بحران شدت اختیار کر گیا

Feb 09, 2023 | 19:34:PM

(24 نیوز) حکومتی دھمکیاں چھاپے کسی کام نہ آئے پنجاب کے اہم شہروں میں پٹرول بحران شدت اختیار کر گیا۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ ، اوکاڑہ ، فیصل آباد، شکر گڑھ، نارووال سمیت پنجاب کے دیگر اہم شہروں میں  پٹرول بحران شدت اختیار کر گیا ہے، متعدد پٹرول پمپس مالکان نے  پٹرول  کی ترسیل روک دی ہے جبکہ  کچھ پٹرول پمپس پر 300 روپے فی لیٹر تک پٹرول کی فروخت جاری ہے ۔

گوجرانوالہ میں بیشتر پٹرول پمپس تیسرے روز بھی بند ہیں، پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں ، ضلعی انتظامیہ کے رات گئے مختلف پٹرول پمپس پر چھاپےاور 4 پمپس کو سیل کرنے کے باوجود  راشننگ کا عمل جاری ،موٹرسائیکل کو 200 روپے جبکہ کار کو ایک ہزار کا پٹرول اور ڈیزل دیا جارہا ہے ، پٹرول کی قلت کے باعث بلیک میں 300 روپے لیٹر میں فروخت کیا جارہا ہے۔
نارووال اور گردو نواح میں پٹرول کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، پٹرول پمپس سے پٹرول غائب  ہے ، شکر گڑھ میں بھی   پٹرول مہنگاہونے کا امکان ہے ، مالکان نے پٹرول پمپ بندکر دیئے ہیں,پٹرول کے حصول کے لئے شہری خوار ہو رہے ہیں ،دیہی علاقوں میں  پٹرول کی فروخت بلیک میں  جاری  ہے، منافع خوروں کی چاندی ہو گئی  ہے ، پمپس سے  پٹرول خرید  کر   قریب میں کھڑے ہو کر بلیک میں فروخت کر  رہے ہیں۔
  حافظ آباد اور گردو نواح میں پٹرول کی قیمت 300روپے لیٹر تک پہنچ گئی ہے، متعدد پٹرول پمپس پر نارمل پیٹرول کی سیل بند  کر دی گئی ہے، ہائی اوکٹین بیچا جا رہا ہے  جو کہ پٹرول سے مہنگا ہے، کچھ  علاقوں سے یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ  پٹرول کو ہی ہائی اکٹین کہہ کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں