وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، پولیس شہداء کے ورثاء کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ منظور

Feb 09, 2023 | 23:24:PM

This browser does not support the video element.

(علی رامے)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس ہوا جس میں نگران صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، اس موقع پر وزراء کو پٹرول کی مصنوعی قلت ختم کرنے کیلئے دورے کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں پولیس شہداء کے ورثاء کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ، پاسکو سے 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم لینے کی منظوری دی گئی، نگران وزیراعلیٰ محسن رضا نقوی نے گندم خریداری کیلئے میرٹ پر افسر لگانے کی ہدایت کی، اس موقع پر آٹے کو ضروری اجناس کی کیٹگری میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں پنجاب پری وینشن آف سپیکولیشن برائے اسنشیئل کموڈیٹی ایکٹ 2021 کے شیڈول میں گندم کے آٹے کو شامل کرنے کی منظوری دی گئی، نگران وزیر اعلیٰ نے آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی کا فول پروف طریقہ کار وضع کرنے کیلئے سفارشات بھی طلب کر لیں۔

یہ بھی پڑھیں: علامہ مفتی اقبال چشتی کانفرنس میں دوران خطاب دل کا دورہ پڑنے سے خالق حقیقی سے جاملے

فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں میرٹ یقینی بنانے کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیاں کرنے، سی پیک کے تحت کارپوریٹ فارمنگ کیلئے قواعد و ضوابط کی بھی منظوری دی گئی، پنجاب کے 5 اضلاع میں ایک لاکھ 27 ہزار ایکڑ اراضی فارمنگ کیلئے مہیا ہوگی۔کارپوریٹ فارمنگ سے زرعی تحقیق، فوڈ سکیورٹی، فاریسٹ اور لائیوسٹاک ریسرچ میں مدد ملے گی، کارپوریٹ فارمنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 30 سال تک زمین دی جائے گی، اس مقصد کیلئے زمین حاصل کرنے والوں کو مالکانہ حقوق نہیں ملیں گے۔کابینہ نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل نو، سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تعیناتی کیلئے نئی سرچ کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی، پنجاب میں نئے انتظامی یونٹس میں بھرتیوں کے عمل کو مؤخر کرنے کا جائزہ بھی لیا گیا۔ 

صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب کے سٹاف کے کنٹریکٹ پیریڈ میں توسیع، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سے ملحق ڈیپارٹمنٹ اور خود مختار باڈیز میں سیاسی تعیناتیوں کو ڈی نوٹیفائی کرنے، آفٹر نون سکول پروگرام سٹاف کو تعلیمی سال برائے 2020-21 کے اعزازیہ کی ادائیگی کیلئے فنڈز کی بحالی کی بھی منظوری دی گئی۔نگران وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کیبنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت صوبائی کابینہ کا پہلا پیپرلیس اجلاس ہوا، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ٹیبلٹ (Tab) کے ذریعے میٹنگ کا ایجنڈا پیش کیا گیا، کابینہ کا ایجنڈا CMIS کے تحت آن لائن ایشو اور سرکولیٹ ہوگا، اس اقدام سے کابینہ کے ہر اجلاس پر اٹھنے والے 15 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پرہراساں کرنے کا معاملہ ، ارشدشریف کی بیوہ کی ایف آئی اے سائبر کرائم کو درخواست

مزیدخبریں