امن مشقیں 2025:طاقتور بحریہ سمندری تجارت کے تحفظ کی ضامن ہے، وزیر دفاع

Feb 09, 2025 | 11:35:AM
امن مشقیں 2025:طاقتور بحریہ سمندری تجارت کے تحفظ کی ضامن ہے، وزیر دفاع
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )کراچی میں پاک بحریہ کی امن مشقوں 2025 کے تیسرے روز امن ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مشترکہ سمندری خطرات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے میری ٹائم سکیورٹی پر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

 پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے امن ڈائیلاگ میں شریک معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس مکالمے کا مقصد میری ٹائم سکیورٹی کو لاحق خطرات سے آگاہی فراہم کرنا اور بلیو اکانومی کے فروغ پر زور دینا ہے۔

مزید پڑھیں:فضائی جنگی مشق ’اسپیئرز آف وکٹری-2025‘، پاکستان ایئر فورس کا دستہ سعودی عرب پہنچ گیا

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں میری ٹائم سکیورٹی انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے، کیونکہ عالمی معیشت کا زیادہ تر انحصار سمندری تجارت پر ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت بڑی معاشی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، اور تجارتی ٹیرف ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سمندری تجارت کا تحفظ تمام اقوام کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور ایک طاقتور بحریہ ہی سمندری راستوں کو محفوظ بنا سکتی ہے۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاک بحریہ علاقائی سلامتی اور عالمی امن کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی صرف ورکرز کو دلاسے دے رہی،ٹرمپ تو آگیا مگرانکا کچھ نہیں بنا،خواجہ آصف

انہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوامل عالمی منظرنامے کو تیزی سے بدل رہے ہیں، اور بحری شعبے میں درپیش روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بحرِ ہند میں دنیا کے 50 فیصد تیل اور گیس کے ذخائر موجود ہیں، اور ان وسائل کا تحفظ عالمی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے سمندری تحفظ اور تجارت کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عالمی کاوشوں پر زور دیا۔