(24نیوز) ہزارہ برادری کےحکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر کراچی سمیت دیگر شہروں میں دیے جانے والے دھرنے ختم کردئیے گئے،شرکا پرامن طور پر گھروں کو لوٹ گئے۔
سانحہ مچھ کے شہدا سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی سمیت لاہور، اسلام آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں بھی دھرنے دیے جارہے تھے۔کوئٹہ کی ہزارہ برادری شہدا کے ورثا کے ہمراہ گزشتہ 6 روز سے میتوں کے ہمراہ دھرنا دئیے بیٹھی تھی۔
کراچی میں گزشتہ 3 روز سے شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے دئیے گئے جن کا سلسلہ شہر کے 30 سے زائد مقامات تک پھیل گیا تھا تاہم اب شہدا ایکشن کمیٹی کی جانب سے دھرنے ختم کرنے کی اپیل پر کراچی میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
مجلس وحدت المسلمین نے شہر کے تمام مقامات پر جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد نمائش چورنگی پر مرکزی دھرنے کے شرکا پر امن طور پر واپس جانا شروع ہوگئے جب کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی دھرنے ختم کردیے گئے۔
دوسری جانب لاہور، اسلام آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں بھی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔