حکومت اور شہدا کمیٹی کے درمیان تحریری معاہدے کی تفصیلات

Jan 09, 2021 | 09:30:AM

(24نیوز)حکومت  اور شہدا کمیٹی کے درمیان  طے پانے والے  تحریری معاہدے کی تفصیلات منظر عام پر آگئی۔

حکومت اور شہداکمیٹی کے درمیان ہونے والے معاہدےکے مطابق  صوبائی حکومت کی جانب سے  شہدا کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا جائے گا۔دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سانحہ مچھ کی تحقیقات کے لئے وزیرداخلہ بلوچستان کی سربراہی میں خصوصی کمیشن بنایا جائے گا، جس میں اسمبلی کے دو ممبران اور ڈی آئی جی رینک کا افسر اور شہدا کے لواحقین کے دو افراد شامل ہوں گے۔معاہدے کے تحت  جے آئی ٹی نےذمہ دار افسران کو ملوث پایا تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔ 

حکومت اورلواحقین کے درمیان خصوصی کمیشن کے ٹی او آرز بھی طےکرلئے، جن کے مطابق خصوصی کمیشن سانحہ مچھ کی تحقیقات کی نگرانی کرےگا، کمیشن22 سال میں ہزارہ برادری پرحملوں کی تحقیقات کرےگا، خصوصی کمیشن ہزارہ کمیونٹی کےلاپتہ افرادکی تحقیقات بھی کرےگا۔

 بلوچستان حکومت اور حساس ادارے سکیورٹی کی صورت حال کا ازسرنو جائزہ لیں گے اور نیا سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے گا،  ڈی جی نادرا و پاسپورٹ ہزارہ برادری کےشناختی کارڈز اور  پاسپورٹ کسے متعلق مسائل حل کریں گے جبکہ بلوچستان حکومت شہدا کے لواحقین کو روزگار کےمواقع فراہم کرےگی۔

مزیدخبریں