سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کا علیحدگی کے بعد پہلا انٹرویو وائرل

Jan 09, 2023 | 13:06:PM

(ویب ڈیسک )پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سابقہ جوڑی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے اپنے حالیہ انٹرویو میں طلاق کے تلخ تجربے کے باوجود دوستانہ تعلق قائم رکھنے پر روشنی ڈالی۔ یوٹیوب پر انٹرویو دیتے ہوئے سابقہ جوڑی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے بتایا کہ کیسے اور کیوں دونوں نے طلاق کے بعد بھی اپنے رشتے میں عزت، دوستی اور برابری قائم رکھی ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آنے والی نئی فلم ’بے بی لیشیئس‘ کی پرموشن کے دوران یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے میزبان کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’ایک دوسرے سے اچھے تعلقات قائم رکھنے کی اصل وجہ ان کی بیٹی نورے ہے۔سائرہ یوسف نے تفصیل سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب آپ کسی انسان کو اپنے سے پہلے ترجیح دے دیتے ہیں تو پھر ان کے سامنے آپ کو اپنے مسائل بہت چھوٹے نظر آتے ہیں۔ آپ کی ترجیحات بھی پھر اسی انسان کی پسند ، نا پسند اور ضروریات سے جڑ جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور اداکار ہم مختلف لوگوں کے ساتھ کام کرتے ہیں جنہیں ہم جانتے تک نہیں ہیں۔ اسی لئے ہمیں اس صلاحیت میں بھی کمال حاصل ہوجاتا ہے کہ ہم فوراً ایک ماحول سے خود کو نکال کر بالکل الگ ماحول میں خود کو بخوبی ڈھال لیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہی چیز ہم دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ طلاق کے بعد بھی ایک دوسرے کی عزت کرنے اور اچھے تعلقات کو قائم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

واضح رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی شادی اکتوبر 2012 میں ہوئی تھی جو فروری 2020 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔ تاہم انہوں نے یہ فلم 2017 میں طلاق سے قبل سائن کی تھی۔

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری اس سے قبل بھی ماضی میں ایک دوسرے کے ساتھ اسکرین پر کام کر چکے ہیں۔

اب شہروز سبزواری کی شادی مشہور ماڈل صدف کنول کے ساتھ ہو چکی ہے اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔

مزیدخبریں