(ویب ڈیسک )بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مخالفین انہیں مستحق ہندو خاندان کی مالی مدد پر بھی تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے مرحوم والد میر تاج محمد خان کے نام پر ایک فلاحی تنظیم میر فاؤنڈیشن کے نام سے قائم کر رکھی ہے۔
میر فاؤنڈیشن بھارت میں پسماندہ خواتین اور بچوں کو امداد فراہم کرنے کے مختلف منصوبوں میں تعاون کرتی ہے۔چند روز قبل بھارت کے دارالحکومت میں انجلی نامی ایک نوجوان لڑکی کو گاڑی میں گھسیٹ کر قتل کردیا گیا تھا۔انجلی اپنے گھر کی واحد کفیل تھی۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے شاہ رخ خان کی فلاحی تنظیم نے لڑکی کے گھر والو ں کی مالی مدد کی لیکن یہ مدد بھی شاہ رخ خان کے گلے پڑ گئی۔
سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کے ناقدین نے کہنا شروع کردیا ہے کہ شاہ رخ خان کی این جی او نے ایسا اس لیے کیا تاکہ ان کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ کو اچھا رسپانس مل سکے۔
شاہ رخ خان 4 سال بعد فلم پٹھان کے ذریعے بڑے پردے پر جلوہ گر ہورہے ہیں۔ فلم 25 جنوری کو ریلیز ہوگی لیکن اس کے ایک گانے ’’بے شرم رنگ‘‘ میں دیپیکا پڈوکون کے کہڑوں کی وجہ سے ملک بھر میں ہندو انتہا پسند شدید احتجاج کررہے ہیں۔