حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے،عمران خان

Jan 09, 2023 | 23:19:PM

(24 نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے،معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں،لاؤ لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اور راسخ الٰہی نے زمان پارک تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا،عمران خان نے تمام ایشوز پر کھل کر گفتگوکی، خاص طور پر آٹے کی صورتحا ل کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ ہم نے پنجاب میں آٹے کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ دوگنا کر دیا ہے،ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
عمران خان نے کہاکہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے،معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاو¿ں میں گرے ہوئے ہیں،لاؤ لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی،نااہل اور نالائق ٹولہ جینوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا،اقتدار میں ہوس میں اندھے حکمران مہنگائی کا طوفان لے کر آئے ہیں،پنجاب حکومت کی ڈائرکیشن مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے،ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، پرویز الٰہی کاکہناتھا کہ عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے،13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی اتحاد بھکاریوں کا ٹولہ بن چکا ہے، یہ سب مل کر بھیک مانگ رہے ہیں لیکن کوئی انہیں کچھ دینے کو تیار نہیں،مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ہمارے ہر اقدام کا محورعام آدمی کی فلاح وبہبود ہے،عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتیں مزید گر گئیں

مزیدخبریں