حج کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)حج پر جانے کے خواہشمند افراد کیلئے سعودی عرب سے اچھی خبر آگئی، پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال کردیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سعودی عرب کی دعوت پر 4 روزہ عالمی حج کانفرنس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچے جہاں انہوں نے سعودی ہم منصب ڈاکٹر توفیق بن الربیعہ سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور اداروں کا دورہ کیا،وزارت مذہبی امور کا اپنے اعلامیے میں کہنا ہے کہ سعودی حکام کی جانب سے وزیر مذہبی امور کو سالانہ حج معاہدے کا مسودہ موصول ہوگیا جس کے تحت پاکستان کا ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کا پرانا کوٹہ بحال جبکہ 65 سال کی بالائی حد کو بھی ختم کردی گئی ہے۔
View this post on Instagram
وزارت کے مطابق رواں سال حج درخواستیں فروری کے آخر تک طلب کئے جانے کا امکان ہے جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور حتمی حج پالیسی 2023ء کا اعلان کرینگے،سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ کے مطابق حج معاہدے پر پاکستان، بھارت، ایران، ترکیہ، سوڈان، یمن، ازبکستان، ملائیشیا اور بحرین سمیت 19 ممالک شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ معاہدے میں عازمین کی تعداد، آمد، روانگی اور پیش کی جانے والی خدمات کا ذکر ہے۔
دوسری جانب مسجد حرام اور مسجد نبویؐ کی صدارت عامہ کے صدر شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے مسجد حرام کی جیوکوڈنگ پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا، یہ منصوبہ ایجنسی فار انجینئرنگ پروجیکٹس اینڈ سٹڈیز میں جنرل ڈیپارٹمنٹ آف سروے اینڈ جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز نے شروع کیا ہے، منصوبے میں مشترکہ وضاحتی زبان تشکیل دی گئی ہے، اس زبان سے مسجد کے مختلف مقامات کی زیادہ درست شناخت ممکن ہوگی۔
شیخ السدیس نے وضاحت کی ہے کہ اس نظام کے تحت متعدد سلائیڈز فراہم کی جاتی ہیں جو مسجد حرام کے ستونوں پر لگائی جاتی ہیں اور براہ راست معلومات پر مشتمل ہوتی ہیں۔
یہ سلائیڈز زائرین کے مقام کو بیان کرنے میں معاون ہوتی ہیں، جنرل پریذیڈنسی کے ملازمین کے ساتھ براہ راست رابطے کی معلومات ملتی ہے۔