(وقاص عظیم) نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو ایک ہزار ارب ڈالرز تک پہنچانا مشن ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستان افریقہ ٹریڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کرنے کیلئے تیار ہے۔ پاکستانی برآمدات کو 100 ارب ڈالرز کرنے کا پلان ہے۔
نگران وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان مصر اور شمالی افریقہ کے ممالک کے ساتھ باہمی تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ تینوں ممالک میں مہنگائی بہت بڑا مسئلہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اب زراعت پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔ پاکستان میں لاکھوں ایکڑ رقبہ کارپوریٹ فارمنگ کیلئے مختص کیا جارہا ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان گندم، سویا بین اور تل سمیت کئی زرعی اجناس پیدا کرے گا۔ پاکستان لائیو اسٹاک کے شعبے کو ترقی دے رہا ہے۔ گوشت برآمدات بڑھانے کیلئے سلاٹر ہاؤس قائم کیے جا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان جی سی سی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کررہا ہے۔ پاکستان پہلا ملک ہے جو خلیجی ممالک سے آزادانہ تجارت کا معاہدہ کررہا ہے۔
وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے وسطی ایشیائی ممالک کیساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کیے ہیں۔ پاکستان نے چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کیا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔
انھوں نے کہا کہ مصری سرمایہ کار پاکستان کو اپنی مصنوعات برآمد کرسکتے ہیں۔ پاکستان اور مصر ایک جیسی مصنوعات تیار کر رہے ہیں۔ مسلم ممالک مل کر معاشی طاقت بن سکتے ہیں۔