(عثمان خان) افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر کی جانب سے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سمیت ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا انتظام کیا گیا،ملاقات میں پاکستانی سفیر عبیدالرحمان نظامانی نے مولانا کو سفارتی صورتحال سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق کابل میں موجود پاکستانی سفارتخانہ میں تعینات سفیر عبیدالرحمان نظامانی نے مولانا فضل الرحمان اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے پاکستانی سفیر اور سفارتخانے کے عملے کی خدمات کو سراہا۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ امارت اسلامی افغانستان کے وزیراعظم اور دیگر اکابرین سے ملاقاتیں مثبت رہی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین اور مظبوط تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزارت خزانہ کی سٹیٹ بینک کیلئے سرمایہ کاری پالیسی کی منظوری
مولانا نے مزید کہا کہ دونوں برادراسلامی ممالک کی تہذیب اور ثقافت مشترک ہیں اور تعلقات میں بہتری سے خطے میں امن و استحکام کی شمع روشن ہو گی۔سربراہ جے یوآئی نے اختتام پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئیے۔دوسری جانب پاکستانی سفیر نے مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس حالات میں آپکا دورہ افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ مولانا کے وفد میں مولاناشیخ ادریس، مولانا عبدالواسع، مولانا صلاح الدین ایوبی، مولانا عطاء الحق درویش، مولانا امداداللہ، مفتی ابرار احمد، مولانا جمال الدین، فضل الرحمان خلیل، مولانا عبدالرشید ، سلیم الدین شامزئی، مصباح اللہ اور حافظ یوسف شامل تھے۔