لبنان میں آرمی چیف جنرل جوزف عون ملک کے صدر منتخب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)لبنان میں آرمی چیف جنرل جوزف عون کو ملک کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
لبنان میں آج ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں 128 ارکان میں سے 99 نے جنرل جوزف عون کے حق میں ووٹ دیا جس کے بعد وہ ملک کے صدر منتخب ہوگئے,جنرل عون ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائے تھے۔
سابق صدر میشیل عون کی مدت صدارت اکتوبر 2022 میں ختم ہو گئی تھی جس کے بعد سے لبنان میں صدر کا عہدہ خالی تھااور حزب اللہ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار سلیمان فرنجيہ نے گزشتہ روز جوزف عون کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔
60 سالہ جنرل جوزف عون نے مارچ 2017 میں لبنانی فوج کی کمان سنبھالی تھی اور صدر منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لبنان کے پاس شام کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا تاریخی موقع موجود ہے۔
جنرل عون نے جنوبی لبنان اور بیروت کے مضافات میں اسرائیلی حملوں سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کا وعدہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ یہ یقینی بنائیں گے کہ لبنان میں ہتھیار رکھنے کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہو۔
مزید پڑھیں:اٹلی : مئیر نے لوگوں کے" بیمار" ہونے پر ہی پابندی لگا دی