لاس اینجلس میں لگی آگ کی لپیٹ میں معروف شوبز شخصیات کے گھر بھی آگئے

Jan 09, 2025 | 23:18:PM

(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ نے معروف شوبز شخصیات کے گھروں کو بھی تباہ کر دیا۔

 اس آگ کے باعث شوبز انڈسٹری کی سرگرمیاں معطل ہو گئیں اور کئی تقریبات بھی منسوخ کر دی گئیں، شہر کے شمالی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ پھیلنے والی اس آگ نے خاص طور پر مشہور پیسیفک پیلیسیڈز کے علاقے میں مہنگے گھروں کو نقصان پہنچایا، جہاں کئی معروف شخصیات کے رہائشی علاقے شامل ہیں۔

 گلوکارہ اور اداکارہ پیرس ہلٹن نے انسٹاگرام پر اطلاع دی کہ ان کا مالیبو میں واقع گھر آگ کی نذر ہو گیا ہے جبکہ ہیڈی مونٹگ اور اسپینسر پراٹ نے بھی اپنے گھروں کے جلنے کی خبر دی۔

غیر ملکی میڈیا نے ایڈم بروڈی اور لیٹن میسٹر کے گھر کی ویڈیو شیئر کی جو آگ کی لپیٹ میں آ چکا تھا جبکہ اداکارہ اینا فیرس کا گھر مکمل طور پر راکھ میں تبدیل ہو گیا ہے۔

اس کے علاوہ  15 بار آسکر کے لیے نامزد ہونے والی گیت نگار ڈیان وارن نے بتایا کہ ان کا تقریباً 30 سال پرانا بیچ ہاؤس بھی آگ کی زد میں آ گیا ہے۔ اسی طرح 'رکی لیک' نے بھی اپنے گھر کے تباہ ہونے کی تصدیق کی۔

 فلم "ٹاپ گن: میورک" کے اسٹار مائلز ٹیلر اور ان کی اہلیہ کیلیگ کا 75 لاکھ ڈالر مالیت کا گھر بھی آگ کی نذر ہو چکا ہے۔

علاوہ ازیں، گلوکارہ اور اداکارہ مینڈی مور نے اپنی رہائش گاہ سے محفوظ مقام پر نقل مکانی کی اور انسٹاگرام پر اپنے گھر کے جلنے کی اطلاع دی اداکار بین افلیک کا بھی 20 لاکھ ڈالر مالیت کا گھر آگ کے باعث تباہ ہو گیا۔ 

آتشزدگی کے نتیجے میں آسکر نامزدگیوں کی تاریخ 19 جنوری تک بڑھا دی گئی ہے جبکہ کئی فلموں کے پریمیئر بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:سلمان خان نے اب تک شادی کیوں نہیں کی؟والد نے وجہ بتا دی

مزیدخبریں