پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات نہ ہونا باعث تشویش ہے،یوتھ کمیشن فار ہیومن رائٹس

Jan 09, 2025 | 23:27:PM
پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات نہ ہونا باعث تشویش ہے،یوتھ کمیشن فار ہیومن رائٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا منعقد نہ ہونا باعث تشویش ہے۔ ان خیالات کا اظہار  نمائندہ ممبر تنظیم شاہ حسین ریجنل نیٹ ورک یوتھ کمیشن فار ہیومین رائٹس نے مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد کے حوالہ سے خصوصی اجلاس میں کیا، جس کے نمایاں شرکا  رخسانہ لیاقت ،صبا چوہدری ،نبیلہ اکبر،شہربانو ،صابرہ عصمت اور اسرا کاشف تھے۔

اس موقع پر  پروگرام مینجر یوتھ کمیشن فار ہیومن رائٹس وجاہت بتول اور دیگر شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دیگر تینوں صوبوں میں مقامی حکومتیں قائم ہوکر کام کر رہی ہیں، لیکن بدقسمتی سے پنجاب میں مقامی حکومتی ادارے منتخب قیادت کی بجائے سرکاری مشینری کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔ ملک میں منتخب مقامی حکومتوں کا قیام آئین پاکستان کے آرٹیکل 7، 32 اور 140A کے ذریعے آئینی پابندی ہے۔ جبکہ صوبہ پنجاب کو گزشتہ کئی سالوں سے اپنے آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن کمیٹیوں کے ذریعے مقامی گورننس قائم کر کے مقامی حکومتوں کے متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت مقامی حکومتوں کے قانون میں مناسب ترامیم سامنے لائے۔ جن میں اختیارات اور فرائض میں وسعت، نمائندگی کی شرح میں آبادی کے تناسب سے اضافہ اور مالیاتی خود مختاری کو یقینی بنانا شامل ہو۔ عوام کی براہ راست شراکت داری کو قانونی شکل دی جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ مقامی ضروریات کی نشاندہی اور خدمات کی بنیادی سطح پر فراہمی ایسے کام ہو سکتے ہیں جو مقامی آبادی کی عملی شراکت سے بہتر نتائج دے سکیں۔ تاہم اس شراکت کو قانونی شکل میں تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قانون کی مطابق مقامی حکومتوں انتخابات کرائے جائیں۔ جب کہ مقامی حکومتوں کے حوالے سے کی جانے والی ترامیم اور قانون سازی سے پہلے لوکل گورننس پر کام کرنے والی تنظیموں اور مفادِ عامہ کی شہری تنظیموں سے بھی تجاویز لی جائیں۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - پنجاب
ٹیگز: