سید ظہور آغا نے گورنر بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

Jul 09, 2021 | 21:25:PM

 (24نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سید ظہور آغا نے گورنر بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے ان سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں گورنر بلوچستان کی حلف بردار ی کی تقریب منعقد ہوئی  ،تقریب میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ، سینیٹر منظور خان کاکڑ ،صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی ،سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سمیت پی ٹی آئی کے کارکنوں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
 حلف برداری کی تقریب کے آخر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے ۔50سالہ سید ظہور آغا بلوچستان کے 22ویںگورنر ہیں جو 4اکتوبر 1971کو ضلع پشین میں پیداہوئے انہوں نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ کے اسلامیہ پبلک اسکول سے حاصل کی بعدازاں ایف جی کالج کوئٹہ کینٹ سے انٹر میڈیٹ کیا ، انہوں نے سائنس کالج سے بی ایس سی جبکہ جامعہ بلوچستان سے ایم اے انگلش میں ڈگری حاصل کی ۔
سید ظہور آغا نے سیاسی سفر کا آغاز 2006میں پی ٹی آئی سے کیا اور اس دوران وہ پارٹی میں مختلف عہدوں پر بھی فائز رہے ہیں انہوں نے 2021میں ہونے والے سینٹ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ حاصل کیا تاہم بعدازاں پارٹی کی ہدایت پر وہ سینٹ انتخابات سے دستبردار ہوگئے تھے سید ظہور آغا پیشے کے لحاظ سے کاروباری شخصیت ہیں انکی مختلف فلو ر ملیں ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں۔

مزیدخبریں