(24 نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کشمیری عوام وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد رکھتی ہے کیونکہ عمران خان نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اٹھایا اس کی پاکستان میں مثال نہیں ملتی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی پارٹی ہی حکومت بنائے گی۔ انہوںنے کہا کہ راولپنڈی والے بھی پی ٹی آئی کے ہی امیدوار کو کامیاب کرینگے۔
راولپنڈی میں کشمیر انتخابات کے سلسلے میں ویلی 4 ایل اے 43 میں تحریک انصاف کے امیدوار کی انتخابی مہم کیلئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 55ارب روپے کی خطیر لاگت نالہ لئی منصوبہ کے لئے مختص کی ہے۔ نالہ لئی کی تعمیر اسی سال شروع کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی اٹھارہ کلو میٹر دو رویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ ہے جو عمار چوک سے شروع ہوگا اور پنڈورہ تک اختتام ہوگا جس کے دونوں اطراف ہائی رائز بلڈنگز بنائی جائیں گی ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ منصوبہ پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت بنایا جائے گا اور اسی سال ٹینڈر کرنے کے بعد شروع کردیا جائے گا۔ شیخ رشید نے بتایا ہے کہ نالہ لئی پروجیکٹ راولپنڈی شہر کےلئے گیم جینجر ہوگا اور اس کی تکمیل سے راولپنڈی میں نہ صرف ٹریفک کے دباو میں کمی آئے گی بلکہ یہ سیلابی صورتحال پر قابو پانے کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کے لئے آسانی کاباعث بنے گا جبکہ نالے کی پختگی کے ساتھ کچی بستیاں بھی متبادل جگہوں پر منتقل کی جائیں گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے بارے میں عوام میں آگہی ہونی چاہئے۔ ہمسایہ ممالک میں کورونا وائرس کی وجہ سے مر یضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں طبی سہولیات کی صورت حال بہت بہتر ہے لیکن پھر بھی عوام کو احتیاط کرنی ہے۔ وزیر داخلہ نے تقریب کے شرکا کو تاکید کی کہ وہ جلد از جلد ویکسینیشن کروائیں تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اہم دورے پر امریکا روانہ ہونگے