زمان پارک پولیس تشدد کیس، جے آئی ٹی کیخلاف درخواستوں کافیصلہ آج سنایا جائے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں پولیس تشدد کے واقعات پر قائم کردہ جے آئی ٹی کے خلاف درخواستوں کافیصلہ آج سنایا جائے گا۔
لاہور ہائیکورٹ میں پولیس تشدد کے واقعات پر قائم کردہ جے آئی ٹی کے خلاف درخواستوں پر تین رکنی بینچ میں شامل جسٹس محمد امجد رفیق کیس کا فیصلہ سنائیں گے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے 5 مئی کو اس کیس پر فیصلہ محفوظ کیاتھا جس میں جسٹس فاروق حیدر بھی شامل تھے۔
پی ٹی آئی لیڈر شپ کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ زمان پارک میں ہونے والے واقعات پرپی ٹی آئی ورکروں کےخلاف سیاسی اختلافات کی بنا پر دہشت گردی کےبےبنیادمقدمے بنائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں 2 ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ
عدالت نے کیس سنتے ہوئے ریمارکس دئیےتھے کہ واقعہ کی ابتدائی تفتیش کےبغیر کیسے جے آئی ٹی بنادی گئی۔ معزز جج صاحبان نے سرکاری وکیل سے استفسار کیاتھا کہ رولز کےبغیر جےآئی ٹی کیسے کام کرسکتی ہے۔
سرکاری وکیل نے جواب طلبی پر مؤقف اپنایا تھا کہ 400 سے زائد پی ٹی آئی ورکرز کےمسلح ہونے کی اطلاعات تھیں، جنہوں نے پولیس پرحملہ کرکےافسروں کو زخمی کیا اور املاک کونقصان پہنچایا۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری، حماد اظہر اور مسرت جمشید چیمہ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیاتھا۔