(24نیوز) ٹرین حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا،حیدرآبادکے علاقے حسین آباد گدو ناکہ کے قریب خیبر میل کی ایک بوگی کے وہیل ٹریک سے اتر گئے۔
ریلوے پولیس کے مطابق حسین آباد گدو ناکہ کے قریب خیبر میل بوگی کے وہیل ٹریک سے اترنے کی اطلاع ملی ۔پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ریلوے عملہ کے ساتھ مل کر امدادی کام شروع کردیا۔
ریلوے عملہ نے2 گھنٹوں کی کوشش کے بعدٹریک کا مرمتی کام مکمل کر لیا۔ٹریک بحال ہونے کے بعد خیبر میل کو روانہ کردیا گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق اب ٹریک پر تمام ٹرینیں بدستور چل رہی ہیں اور خطرے کی کوئی بات نہیں۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل سندھ میں ڈہرکی کے قریب دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں۔ خوفناک حادثہ کے نتیجے میں62مسافر جاں بحق جبکہ100 سے زائد شدید زخمی ہو ئے تھے۔ ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جا رہی تھی جو سامنے سے آنیوالی سرسید ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچیں۔ حادثہ رات ساڑھے تین بجے کے بعد پیش آیاتھا۔ حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت ٹرین میں باراتی بھی سوار تھے ۔
یہ بھی پڑھیں: جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 جون تک توسیع