(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی صوبے بہار کے ضلع بانکا میں ایک زوردار بم دھماکہ کے نتیجے میں مدرسہ کی عمارت منہدم ہو گئی، جبکہ ایک امام مسجد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جس جگہ پر بم دھماکہ ہوا وہاں قریب میں ہی ایک مسجد واقع ہے، لیکن اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق مدرسہ کی عمارت کا نصف حصہ پوری طرح ملبے میں تبدیل ہوگیا اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دھماکہ میں کم و بیش نصف درجن افراد زخمی ہوئے ہیں اور ایک امام کی موت واقع ہوگئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رینیا جوگڈیہہ پنچایت کے چاندنی ندی سے ملحق نوٹولیا میں واقع نوری مسجد اسلام پور احاطہ کے قریب بم دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ وہاں موجود مدرسہ منہدم ہو گیا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مدرسہ بند تھا اور گیٹ کو تالا لگا ہوا تھا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ قریبی گھروں کے لوگ گھر خالی کر کے کسی دوسری جگہ شفٹ ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اور حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔۔۔خیبر میل کی بوگی ٹریک سے اتر گئی