(مانییٹرنگ ڈیسک)کینیڈین سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن پاکستانی نژاد سینیٹر سلمیٰ عطا اللہ جان نے کینیڈا میں پاکستانی خاندان کو قتل کئے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےکہا ہے کہ اس واقعہ پر اپنے دکھ کو لفظوں میں بیان کرنا ناممکن ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹر سلمیٰ عطا اللہ جان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ افضال فیملی کو کینیڈا میں صرف مسلمان ہونے کی سزا ملی، مسلمان ہونے کی وجہ سے ہنستا بستا گھر اجڑ گیا۔ لندن میں یہ خوبصورت فیملی صرف اس وجہ سے تباہ ہوئی کہ وہ مسلمان تھی اور چہل قدمی کے لئے نکلے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اسلاموفوبیا کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کا ایک بدترین واقعہ ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز کینیڈا میں ٹرک ڈرائیور نے پاکستانی مسلم خاندان کو کچل کرمار ڈالا جس میں 4افراد موت کی وادی جا پہنچے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مسلمان خاندان کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت گاڑی کے نیچے روند کر قتل کیا گیا۔ پولیس نے 20 سالہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔کینیڈا کی مسلم تنظیموں نے واقعے کو دہشت گردی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔حکام کے مطابق مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
کینیڈا کے وزیرا عظم جسٹن ٹروڈو نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں اسلاموفوبیا کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: بم دھماکے میں مدرسہ منہدم ۔۔ امام مسجد جاں بحق