بلاامتیاز یونیورسل ویکسنیشن کیلئے کوشاں ہیں، محمود قریشی 

Jun 09, 2021 | 18:30:PM
بلاامتیاز یونیورسل ویکسنیشن کیلئے کوشاں ہیں، محمود قریشی 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کا عمل ایک کٹھن مرحلہ ہے لیکن ہم بااعتماد ہیں کہ ہم سب، ویکسین کی فراہمی کا اپنا ہدف حاصل کرلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت ہر طرح کے حالات میں بلاامتیاز ملک میں رہنے والوں کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے پوری طرح پرعزم ہے،ہم ایسی پالیسیز تشکیل دے رہے ہیں اور ان پر عمل کررہے ہیں جن سے قدرتی آفات اور کورونا وبا کی وجہ سے درپیش مشکلات کے باوجود پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لئے مستحکم پیش رفت ہو سکے۔ 
 شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہماری حکومت کی پالیسیوں کے دو رہنما اصول ہیں: ”اجتماعیت“ اور ”پائیداری“۔ ہم اس امر کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں کہ ہم انسانی صورتحال کے تمام پہلووں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسا موثر نظام استوار کریں جو ہر طرح کے حالات میں انسانوں کی مدد کرسکے اور اس میں اجتماعی اور پائیدار بحالی کی صلاحیت بھی موجود ہو۔
 انہوںنے کہاکہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ ایچ آر پی جس کا آج ہم اجرا کررہے ہیں، ایک اجتماعیت کا حامل نظام ہے جس میں دیگر شعبہ جات کو مد نظر رکھاگیا گیا ہے۔ ان میں صحت، تعلیم، تحفظ، فوڈ سکیورٹی ، شیلٹر، واش (پانی، سینی ٹیشن اینڈ ہائیجین) اور مہاجرین کیلئے تمام پہلووں کو شامل کیاگیا ہے۔ 
وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ رسپانس پلان، اداروں اور فریقین کے درمیان رابطے استوار کرکے خدمات عامہ کی فراہمی کے ذریعے آفات میں مقابلے، تیاری اور تحفظ کی پاکستان کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لئے ہے۔ ”کوئی بھی پیچھے نہ رہے“ کا بنیادی مرکز ایچ آر پی کے ذریعے واضح اور عیاں ہے، خواہ یہ معذور افراد ہوں، مہاجرین ہوں، سیاسی پناہ کے متلاشی ہوں یا پھر دیگر کمزور طبقات ہوں،اس ضمن میں، صنف 
(Gender) اور نوجوان طبقہ دو اہم فریقین ہیں اور عمومی طورپر ایسی کسی صورتحال میں سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ہوتے ہیں۔ ان دونوں طبقات کا خاص طورپر اس پلان میں خیال رکھاگیا ہے۔
انہوںنے کہاکہ ایچ آر پی کا ایک اور اہم پہلو ترقی اور موثر انسانی مدد ہے، پائیدار ترقی کے ایجنڈا 2030 کی حمایت اور ان اہداف کے حصول کی کوششوں کے لئے ہم اپنی قوم کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرسکے۔ پاکستان ایچ آر پی، پائیدار ترقی کے اہداف کے سلسلے میں عالمی تعاون کے لئے اچھا فریم ورک مہیا کرتے ہیں۔
 انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کے قرض میں رعایت کے اقدام کے ذریعے پاکستان نے اس ضمن میں کوششوں میں قائدانہ پہل کی ہے تاکہ ترقی پزیر ممالک ایک انتہائی غیرمعمولی صورتحال کا مقابلہ کرسکیں، پاکستان اس امر کا بھی مبلغ ہے کہ ویکسین مساوی اور مناسب قیمت پر سب کو دستیاب ہونی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ قومی سطح پر ہم ایک کثیرالجہتی حکمت عملی پر کاربند ہیں جس میں توجہ صحت اور سماجی ومعاشی پہلووں پرمرکوز ہے۔ قومی اشتراک عمل کا طریقہ کار اپنایا گیا ہے جو شواہد اور سائنسی ٹیکنالوجی کی بنیاد پر کورونا سے نمٹنے کے لئے رہنمائی فراہم کررہا ہے۔
 انہوںنے کہاکہ ہماری کاوشوں کا مرکزی نکتہ عوام کی بہتری ہے۔ حکومت نے احساس پروگرام کے تحت ملکی تاریخ میں سب سے بڑی، نقد رقوم کی تقسیم کی سکیم شروع کی جس کے تحت 12000 روپے فی خاندان کے حساب سے ڈیڑھ کروڑ مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے گئے تاکہ غریب عوام کورونا وبا کے نتیجے میں معاشی دباو¿ کا مقابلہ کرسکیں۔
 انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی بنی نوع انسان کی بقاءکے لئے خطرہ ہے۔ پاکستان سب سے کم ترین کاربن کا اخراج کرتا ہے،انہوںنے کہاکہ ہم ماحولیاتی خطرات کاسامنا کررہے ہیں جو ہم نے پیدا نہیں کئے، گلوبل کلائمیٹ رسک انڈکس کے مطابق پاکستان ماحولیاتی تغیر کا سب سے زیادہ شکار ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی تغیر سے نمٹنے کی کوششوں کے تحت وزیراعظم عمران خان نے بلین ٹری سونامی منصوبے پر خیبرپختونخوا صوبے میں عمل کیا جسے عالمی طورپر بہترین ماڈل کے طورپر تسلیم کیاگیا۔ اب ہم ملک میں 10 ارب درخت لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔ 
 انہوںنے کہاکہ کورونا وبا کے دوران ہسپتالوں، ڈاکٹروں، طبی عملے اور ادویات تک رسائی میں کوئی فرق نہیں رکھاگیا اور پورے معاشرے کے ساتھ ملا کر افغان مہاجرین کے تمام درجوں کو بھی طبی امداد اور سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا یقین ہے کہ ”کوئی زندگی اس وقت تک محفوظ نہیں جب تک ہر شخص محفوظ نہیں“ ہماری ویکسین لگانے کی مہم اجتماعی اور پورے معاشرے کے لئے ہے، اس میں پاکستانی اور غیرپاکستانی سب شامل ہیں جن میں افغان مہاجرین بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری