بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات: القاعدہ نے بڑی دھمکی دیدی

Jun 09, 2022 | 09:54:AM

(ویب ڈیسک)  القاعدہ نے نئی دہلی کو بڑی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ  ہم دنیا کے ایسے ہر گستاخ خاص طور پر بھارت میں ہندوتوا کے دہشت گردوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے نبیؐ کی عزت کے لیے لڑنا آتا ہے۔
 ذرائع کے مطابق بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے اسلام مخالف گستاخانہ بیانات سامنے آنے کے بعد عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ نے بھارت کے بڑے شہروں میں خودکش حملوں کی دھمکی دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق القاعدہ نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور ممبئی سمیت دیگر بڑے شہروں میں خود کش حملوں کی دھمکی دی ہے۔عالمی دہشت گرد تنظیم کی جانب سے  جاری ایک خط میں پیغام دیا گیا کہ بھارتی رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کے بعد نئی دہلی، ممبئی، اتر  پردیش اور ریاست گجرات میں خود کش حملے کرنے کے لیے تیار  ہیں۔ القاعدہ نے اپنے خط میں یہ بھی لکھاکہ ہم دنیا کے ایسے ہر گستاخ خاص طور پر بھارت میں ہندوتوا کے دہشت گردوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے نبیؐؐ کی عزت کے لیے لڑنا اور کٹ مرنا آتا ہے۔

دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ القاعدہ کی دھمکیوں کو  سنجیدہ لینا چاہیے جبکہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے القاعدہ کی دھمکی کے بعد تمام ریاستوں اور متعلقہ حکام کو  اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

خیال رہے کہ بی جے پی کی مرکزی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے اسلام اور نبی کریمؐ کی شان میں گستاخانہ بیانات سامنے آنے کے بعد بھارت سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔سعودی عرب، قطر، یو اے ای، ایران اور پاکستان سمیت مختلف ممالک نے بھارتی سفیروں کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جبکہ اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی نے بھی بی جے پی رہنماؤں کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اشتعال انگیز بیانات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ 

یہ بھی پڑھیں:      فلور ملز ایسوسی ایشن سے مذاکرات کامیاب۔آٹا سپلائی شروع

مزیدخبریں