ڈاکٹرعامر لیاقت انتقال کر گئے

Jun 09, 2022 | 13:40:PM

(24 نیوز)تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔ڈاکٹر عمر لیاقت کو طبیعت خراب ہونے کے باعث نجی ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔عامر لیاقت حسین کے ملازم نے انتقال کی تصدیق کردی۔

عامر لیاقت کی عمر 49 تھی،ڈاکٹر کی ٹیم  معائنے کے بعد حتمی رائے دے گی کہ عامر لیاقت کی موت کیسے واقع ہوئی،یاد رہے انہیں مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔

عامر لیاقت کے ملازم کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت کل سے ناساز تھے ان کے دل میں درد ہو رہا تھا۔ملازمین نے انہیں ہسپتال جانے کا کہنا لیکن انہوں نے منع کر دیا۔ڈرائیور نے 15پر ان کی طبیعت کی خراب ہونے کی اطلاع دی تھی،ریسکیو عملے کی مدد سے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر کا کہنا ہے  کہ  عامر لیاقت کا انتقال اسپتال منتقلی سے آدھے گھنٹے قبل ہواعامر لیاقت کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں تاہم ان کا پوسٹمارٹم کرایا جائے گا، وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا ر ہے ہیں۔

صدر مملکت و وزیراعظم

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت، بلندی درجات کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کریں اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کریں۔

قومی اسمبلی کارروائی ملتوی

 عامر لیاقت حسین کے انتقال کی خبر پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ افسوسناک خبر آئی ہے رکن اسمبلی عامر لیاقت کا انتقال ہوگیا ہے، ایوان کی کاروائی فوری روکنی چاہیے۔ عامر لیاقت کےانتقال کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری

 پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں ے کہا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے صحافت سے لے کر سیاست تک ایک متحرک زندگی گزاری، انہوں نے تحریر و تقریر سے لے کر زندگی کے مختلف شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کی خبر سے سخت صدمہ ہوا۔

 آصف علی زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق صدر نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔

 واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو پیدا ہوئے، وہ 2002 سے 2007 تک قومی اسمبلی کے ممبر رہے۔

 عامرلیاقت حسین مشرف دور میں وزیر مملکت بھی رہے، 2018 میں وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ عامر لیاقت حسین پہلی بار ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

 عامر لیاقت حسین نے تین شادیاں کیں، پہلی شادی سیدہ بشریٰ اقبال، دوسری سیدہ طوبیٰ اور تیسری دانیہ سے کی۔ وہ بشریٰ اور طوبیٰ کو طلاق دے چکے تھے جب کہ دانیہ تاحال ان کی منکوحہ تھیں جنہوں نے عامر لیاقت کے خلاف تنسیخِ نکاح کا کیس دائر کر رکھا تھا۔

مزیدخبریں