(مانیٹرنگ ڈیسک) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت نے انتقال سے قبل آخری بار اپنے بیرون ملک جانے سے متعلق ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق یہ ٹویٹ حمزہ اظہر سلام نامی صارف نے کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔ٹویٹ میں کہا گیا کہ عامرلیاقت عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل ہو رہے ہیں۔
عامر لیاقت حسین کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کی وفات پر آخری ٹویٹ بھی سامنے آئی ہے۔اس ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ انا للہ وانا الیہ راجعون ،سکون پایا ہے بے کسی نے ، حدودِ غم سے نکل گیا ہوں۔
اس ٹوئٹ میں مزید لکھا گیا کہ ڈاکٹرعامر لیاقت حسین اپنے لاتعداد چاہنے والوں اور مداحوں کو افسردہ چھوڑ کر چلے گئے۔ ان اللہ وانا الیہ راجعون،اُن کی مغفرت کیلئے آپ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت نے آخری بار کس سے بات کی؟ آڈیو ٹیپ منظرعام پرآگئی
خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین گزشتہ چند ماہ سے اپنی نجی زندگی میں جاری مسائل اور تیسری اہلیہ سے اختلافات کے باعث سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے تھے,معروف مذہبی اسکالر اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت آج کراچی میں انتقال کرگئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے، ان کی رہائش کراچی کے علاقے خداد داد کالونی میں تھی۔
عامر لیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو پیدا ہوئے، وہ 2002 سے 2007 تک قومی اسمبلی کے ممبر رہے، عامرلیاقت حسین مشرف دور میں وزیر مملکت بھی رہے، 2018 میں وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ عامر لیاقت حسین پہلی بار ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔