(24 نیوز ) ملکی ترسیلات زر میں اضافے کیلئے حکومت نے فری لانسرز کو مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فری لانسرز کو 24 ہزار ڈالر تک سالانہ ایکسپورٹ پر سیلز ٹیکس اور رجسٹریشن سے مستثنیٰ قرار دیا ہے، آئی ٹی برآمدات کو بڑھانے کیلئے انکم ٹیکس کی زیرو اعشاریہ دو فیصد رعایتی شرح 30 جون 2026 تک جاری رہے گا ، اگلے مالی سال میں 50ہزار آئی ٹی گریجویٹس کو پروفیشنل ٹریننگ دی جائے گی۔
بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ٹی معیشت کا سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا سیکٹر ہے ، ہمیں یقین ہے کہ یہ شعبہ آنے والے وقتوں میں کامیاب ترین ہوگا ، فری لانسر کے طور پر پاکستان دنیا کا دوسرا ملک بن کر ابھرا ہے ، آئی ٹی درآمدات بڑھانے کے لئے فری لانسر کو ٹیکس رجسٹریشن سے استثنیٰ حاصل ہوگا ۔
یہ بھی پڑھیں :بجٹ 2023-24: معیاری بیج کی درآمد پر تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز ختم
اسحاق ڈار نے ٹیلی کام انڈسٹری پر ٹیکس میں رعایت کی نوید بھی سنائی ہے، ٹیلی کام سروسز پر 19.5 فیصد کی شرح سے فیڈریل ایکسائز ڈیوٹی عائد ہے ، ٹیلی کام سروسز پر ایف ای ڈی کی شرح 19.5 فیصد سے کم کرکے 16 فیصد کی گئی ہے ۔