(24نیوز) سشانت سنگھ راجپوت منشیات کیس میں ملوث،بھارتی اداکارہ ریا چکرورتی طویل عرصے بعد سوشل میڈیا پر نظر آئیں، انہوں نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ایک پیغام بھی شیئر کیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ادکارہ ریا چکرورتی طویل مدت بعد سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے تقریباً 7 ماہ بعد اپنے سوشل میڈیا پر کوئی پیغام شیئر کیا ہے۔انہوں نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے تصویر کے ساتھ ایک پیغام شیئر کیا ہے، اس تصویر میں انہوں نے اپنی والدہ کا ہاتھ تھام رکھا ہے۔ تصویر کے کیپشن میں ریا چکرورتی نے لکھا کہ میرا صبر، میرا ایمان اور میری طاقت میری والدہ ہیں۔
واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت منشیات کیس میں اداکارہ ریا چکرورتی سمیت 33 ملزموں کے خلاف تقریباً 12ہزار صفحات پر مشتمل فرد جرم داخل کر دی گئی ہے۔مرکزی انسداد منشیات ایجنسی (این سی بی) کی جانب سے گزشتہ روز ممبئی کی سیشن عدالت کی خصوصی این ڈی پی ایس کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔
جن ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے ان میں سے 8 افراد تاحال عدالت کی تحویل میں ہیں جبکہ دیگر کی درخواست ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ ایجنسی نے عدالت کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کئی دیگر افراد کے خلاف تفتیش کا عمل جاری ہے۔این سی بی نے عدالت کو بتایا کہ دورانِ تفتیش ملزموں سے کئی طرح کی منشیات اور سائیکوٹراپیک سبسٹنس،الیکٹرانک آلات اور بھارت سمیت کئی ممالک کی کرنسی بھی ضبط کی گئی تھی۔