(24نیوز)حکومت بزرگ شہریوں کے لیے کووِڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا آغاز 10 مارچ سے کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت بزرگ شہریوں کے لیے کووِڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا آغاز 10 مارچ (کل) سے کررہی ہے جبکہ پاکستان اوریجن کارڈز (پی او سیز) کے حامل افراد اور پاکستانی شہریوں کے غیر ملکی شریک حیات ویکسین لگوانے کے لیے نااہل ہیں۔انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت قومی صحت نے اس بات کو تسلیم کیا کہ پی او سیز رکھنے والے افراد بھی پاکستانی ہیں ساتھ ہی اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی ویب سائٹ کے مطابق پی او سی پروگرام اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ مادر وطن دنیا بھر میں تارکین وطن کے ساتھ مضبوطی سے مربوط رہے، اہل غیر ملکیوں کو اپنی جڑوں میں واپس لوٹنے کے لیے بے مثال مراعات فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے جس میں پاکستان میں متعدد مرتبہ بغیر ویزے کے داخلہ، پولیس یا فارن رجسٹریشن دفاتر کو آگاہ کیے بغیر غیر معینہ مدت تک کے لیے قیام شامل ہے۔
اس کے علاوہ ان افراد کو پاکستان میں کہیں بھی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت، ملکیت رکھنے، سودا کرنے اور تصرف کرنے کا حق حاصل ہے۔اسی طرح پی او سیز کے حامل افراد کو پاکستان میں بینک اکاؤنٹس چلانے، تمام متعینہ راستوں، بندرگاہوں اور مقامات پر پاکستان سے یا اس کے اندر تیز امیگریشن کی سہولت بھی حاصل ہے۔مزید کہا گیا کہ پی او سی قومی شناختی کارڈ کی طرح شناخت کا ثبوت ہے جس کے حامل افراد روزگار بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
نادرا ذرائع کے مطابق ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو پی او سیز جاری ہوچکے ہیں البتہ یہ تصدیق نہیں کی جاسکی کہ ان میں سے کتنے افراد کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔وزارت صحت کے عہدیدار نے شناخت پوشیدہ رکھنے کی شرط پر اس بات کی تصدیق کی کہ 1166 ہیلپ لائن پر ویکسینیشن کے لیے پی او سی کے حامل افراد کی رجسٹریشن نہیں ہورہی۔