(24 نیوز)بھارت کے شہر کولکتہ کے سٹینڈرڈ روڈ علاقے میں پیر کی شام ایک کثیر منزلہ عمارت کی 13 ویں منزل پر آگ لگنے سے 7 لوگوں کی موت ہوگئی۔
بھارتی ذارائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ اس عمارت میں ریلوے کا دفتر ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنیوالے افراد کےاہل خانہ کو 10 لاکھ روپئے معاوضہ اور فیملی کے ایک رکن کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا ہے۔مقامی ایمرجنسی سروسز کے افسر نےبتایا کہ کولکتہ کے ایک کثیر منزلہ عمارت میں لگی آگ میں 7 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ فائر بریگیڈ محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لئے موقع پر 10 فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو بھیجا گیا تھا۔ بھارت کے مشرقی ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ نیو کوئلہ گھاٹ بلڈنگ میں آگ لگی۔ اس میں مشرقی ریلوے اور جنوب مشرقی ریلوے کا زونل دفتر ہے اور گراونڈ فلور پر ایک کمپیوٹرائز ٹکٹ بکنگ مرکز ہے۔ پولیس نے بتایا کہ آگ بجھانے کا عمل میں تیزی لانے کے لئے سٹینڈرڈ روڈ پر نقل وحمل کو روک دیا گیا ہے۔