(24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مرکز میں بدترین ناکامی کے بعد پنجاب میں بھی اپوزیشن ناکام رہے گی، پنجاب میں سیاسی تماشا لگانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔مخالفین کی ہر سازش ناکام ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، محکمہ جنگلات کی کارکردگی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سارا زور این آر او کیلئے لگا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں این آر او نہیں ملے گا۔عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کا کوئی مقصد ہے نہ کوئی سمت، پی ڈی ایم کا ایجنڈا صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے، پاکستانی عوام کو یہ ٹولہ گمراہ نہیں کر سکتا، عوام ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں۔