اعتماد کاووٹ,گنتی غلط ثابت ہوئی تو نوکری چھوڑ دوں گا: اسد قیصر

Mar 09, 2021 | 15:06:PM

(24نیوز)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کو وزیر اعظم  عمران خان کے اعتماد کے ووٹ پر گنتی غلط ثابت کرنے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ریکارڈ کے ساتھ ثابت کردے کہ ارکان کی تعداد 178سے کم تھی تو  عہدہ چھوڑدوں گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے روز پورا میڈیا موجود تھا اور ہر کسی نے دیکھا کہ فیصل واوڈا اور مجھے نکال کر 178ارکان موجود تھے، اپوزیشن بتائے کون سا رکن قومی اسمبلی غائب تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کو مستحکم کرنا ہے، انتخابات ہوتے رہتے ہیں تاہم ہمیں اخلاقایات کو نہیں چھوڑنا چاہیے۔پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جو واقعات ہوئے اس پر ہمیں افسوس ہے اور اس پر ہم نے اپوزیشن اور حکومت کی مشترکہ کمیٹی بنائی ہے تاکہ اس کی تحقیقات کی جائے اور اس پر سفارشات پیش کریں۔

واضح رہے کہ سینٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کی یوسف رضا گیلانی کے ہاتھوں شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتمادکا ووٹ حاصل کیا جس میں انہوں نے 178 ووٹ حاصل کئے جو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے لئے حاصل کردہ ووٹوں سے 2 ووٹ زیادہ تھے۔

 

مزیدخبریں