اثاثہ جات کیس: کیپٹن صفدر کی عبوری ضمانت منظور

Mar 09, 2021 | 15:18:PM

  (24نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

کیپٹن (ر) صفدر نے عدالت میں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں درخواست ضمانت دائر کی تھی جس میں انہوں نے نیب لاہور کی جانب سے 10 مارچ کو تحقیقات کے سلسلے میں طلب کئے جانے کے نوٹس کو چیلنج کیا تھا۔جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی جس میں درخواست گزار خود بھی پیش ہوئے۔ دائر درخواست میں کیپٹن (ر) محمد صفدر نے استدعا کی تھی کہ نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 10 مارچ کو طلب کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری نیب پشاور میں بھی زیر التوا ہے اور پشاور ہائی کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔درخواست میں ان کا مؤقف تھا کہ ایک ہی معاملے پر دو صوبوں میں انکوائری نہیں چل سکتی، مجھے سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مزیدخبریں