(24نیوز)سیاست میں کیا کچھ نہیں ہوتا،سینٹ کے انتخابات میں اس کا عملی مظاہرہ نظر آرہا ہے۔یوسف رضا گیلانی کی کامیابی میں جن ارکان اسمبلی کا ہاتھ تھا ان ہی کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان اعتمادد کا ووٹ حاصل کر سکے،اور اب حکومت نے مخالف جماعت جے یو آئی( ف) جس پر وزیر اعظم عمران خان روز تنقید کرتے نہیں تھکتے اس کے جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری کو سینٹ کے ڈپٹی چیئر مین کے عہدے کی پیش کش کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے عبدالغفور حیدری کو آفر کی ہے کہ ہمارے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بن جائیں۔اس حوالے سے کنفرم کرنے کیلئے صحافی نے عبدالغفور حیدری سے سوال کیا کہ کیا حکومت نے آپ کو ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے نامزد کر دیا ؟ جس پر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مجھے پی ڈی ایم نے ابھی باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا، صادق سنجرانی چیئرمین سینٹ ہیں، ملاقات ہوتی رہتی ہیں، یہ نہیں کہہ سکتا 12 مارچ کے بعد چیئرمین سینٹ کون ہوگا۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے جے یو آئی جبکہ ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کیلئے مسلم لیگ (ن) سے متفقہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں طاہر بزنجو، راجہ پرویز اشرف، حافظ عبدالکریم، میاں افتخار، جہانزیب جمالدینی و دیگر اپوزیشن رہنماو¿ں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے نام پر حتمی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی کمیٹی نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی نشست پر جمعیت علمائے اسلام جب کہ سینٹ اپوزیشن لیڈر کیلئے مسلم لیگ (ن) سے امیدوار لانے پر اتفاق کیا، دونوں عہدوں کے لئے ناموں کا حتمی اعلان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے چیئر مین سینٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی کو متفقہ طور پر امید وار نامزد کیا ہے۔