حمزہ کے بعد اب شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی کی تیاریاں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی کی درخواست کا مسودہ تیار کرلیا گیا۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے تیار کئے گئے ڈرافٹ پر مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے کمرہ عدالت میں شہباز شریف کو بریفنگ دی۔شہباز شریف نے ڈرافٹ میں مزید حقائق لکھ کر درخواست عطا تارڑ کے حوالے کردی۔
شہباز شریف کی جانب سے درخواست ضمانت کی حتمی منظوری کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف کی ضمانت میرٹ پر ہوگی۔اب آٹا، چینی چوروں کی باری آنے والی ہے، ان سے برداشت بھی نہیں ہوگا۔عطا تارڑ نے کہا کہ نیب کا ادارہ بری طرح ناکام ہوچکا ہے،شہزاد اکبر میڈیا ٹرائل کرتا ہے مگر عدالتوں میں بغیر ثبوتوں کے باعث نیب کو منہ کی کھانی پڑتی ہے۔
علاوہ ازیں شہباز شریف سے احسن اقبال ،رانا ثنا اللہ ، عطا اللہ تارڑ ، خواجہ عمران نذیر سمیت دیگر نے کمرہ عدالت میں ملاقات کر کے سیاسی صورتحال اور آئندہ کے حوالے سے حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ رہنماﺅں نے پارٹی صدر سے آئندہ کے لئے رہنمائی بھی حاصل کی ۔واضح رہے کہ چند روز قبل حمزہ شہباز ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔