(24 نیوز) وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ توشہ خانہ کے حوالے سے وزراء کی کمیٹی کی سفارشات بھی منطور کرلی گئیں۔
وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ کا ریکارڈ کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کی منظوری دے دی، جس کے لئے باقاعدہ توشہ خانہ کا ریکارڈ ویب سائٹ پر شائع کرنے کی تیاری بھی شروع کر دی گئی۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ آج کراچی کے لئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے گی۔ بجلی 4 روپے 76 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منطوری آج کابینہ سے لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کراچی کیلئے 2 مختلف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مالی سال کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگی۔ گزشتہ سال کی دوسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 55 پیسے مہنگی ہوگی۔
اضافے کا فیصلہ ملک بھر میں یکساں ٹیرف کو برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا۔ صارفین سے اضافی وصولیاں مارچ سے مئی 2023 کے دوران کی جائیں گی۔