پشاور: قومی اسمبلی کی 3 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

Mar 09, 2023 | 14:50:PM

(24 نیوز) پشاور الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 3 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔

پشاور خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 3 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 30 اپریل کو ہوں گے۔ قومی اسمبلی کے حلقوں میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ اور این اے 31  پشاور شامل ہیں۔

شیڈول کے مطابق 11 مارچ کو ریٹرننگ افسران  پبلک نوٹس جاری کریں گے۔ 12 سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔ 15 مارچ  کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست شائع کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق 22 مارچ تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 27 مارچ  تک کی جائے گی۔ ایپلیٹ ٹرایبونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ 3 اپریل  تک کیا جائیگا۔

جاری کر دہ شیڈول کے مطابق 4 اپریل کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی۔ 5 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے۔ 6 اپریل کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ 6 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائینگے۔ پولنگ 30 اپریل 2023 کو ہوگی۔

مزیدخبریں