(24 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے تمام اسمبلیوں سے کتنے کتنے ووٹ حاصل کیے؟ اعدادوشمار جانیے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتحابات میں آصف علی زرداری کی کامیابی نوٹیفکیشن جاری کر دیا، الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آصف علی زرداری نے 411 جبکہ محمود خان اچکزئی نے 181الیکٹورل ووٹ حاصل کیے، 1185کے الیکٹورل کالج میں سے 92نشستیں خالی ہیں۔
الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ آصف علی زرداری 411الیکٹورل ووٹ لیکر صدر پاکستان منتخب ہو گئے، صدارتی انتخاب میں کل 1093ووٹرزنے حصہ لیا، پریزائڈنگ آفسر وں نے 9ووٹ مستردیئے۔
قومی اسمبلی نتائج
صدارتی انتخاب کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد پولنگ آفسر نے خالی باکس سب کو دکھا دیا، پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی 2 بار گنتی کی گئی، آصف بھٹو اور بختاور بھٹو مہمانوں کی گیلری میں موجود تھیں، بختاور بھٹو کے خاوند چوہدری محمود بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے،
پریزائڈنگ آفیسرز نے ووٹوں کی گنتی 2 بار ہونے کے بعد آصف علی زرداری کو 255 ووٹ ملے، محمود خان اچکزئی کو 119 ووٹ ملے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا، آصف علی زرداری کی فتح کا اعلان ہوتے ہی ایوان میں جیے بھٹو کے نعرے لگے، ممبران اسمبلی نے بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دی، خواتین ممبران نے آصف علی زرداری کی صاحبزادیوں آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو کو بھی مبارکباد دی، ایوان کے ساتھ ساتھ لابیز سے بھی ایوان میں نعرے بازی کی گئی۔
پنجاب اسمبلی نتائج
پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں آصف زرداری کو 246 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ان کے مدِمقابل محمود خان اچکزئی کو 100 ووٹ ملے، تمام اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آصف زرداری دو تہائی سے زیادہ اکثریت سے پنجاب اسمبلی میں جیتے ہیں، آصف علی زرداری دوسری بار صدر پاکستان منتخب ہوئے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی نتائج
خیبر پختونخوا اسمبلی میں صدارتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوا جس میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار نے میدان مارا، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی کے حق میں 91 ووٹ ڈالے گئے جبکہ وفاقی اتحادی حکومت کے امیدوار آصف علی زرداری کے حق میں 17 ووٹ ڈالے گئے، فارمولے کے مطابق محمود اچکزئی کو 40.80 فیصد ووٹ ملے اور آصف علی زرداری کو 7.62 فیصد ووٹ ملے،کے پی اسمبلی میں مجموعی طور 109 ووٹ پول ہوئے جن میں سے 108 ووٹ منظور اور ایک ووٹ مسترد ہوا۔
سندھ اسمبلی نتائج
سندھ اسمبلی میں بھی صدارتی انتخابات کے سلسلہ میں پولنگ کا عمل مکمل ہوا جہاں زرداری کا پلڑا بھاری رہا، آصف زرداری کو 151 اور محمود اچکزئی کو 9 ووٹ ملے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا، سندھ اسمبلی میں کل 161 ووٹ کاسٹ ہوئے، پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے نتائج کا اعلان کیا۔
بلوچستان اسمبلی نتائج
بلوچستان اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام اور بی این پی عوامی نے صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا، بلوچستان اسمبلی میں کل 47 ووٹ کاسٹ ہوئے، ن لیگ، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، آزاد رکن اسمبلی مولوی نوراللہ، نیشنل پارٹی نے آصف زرداری کو ووٹ دیا، دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنیوالی نیشنل پارٹی نے بھی آصف زرداری کو ووٹ دیا، آصف علی زرداری بلوچستان اسمبلی سے 47 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدِمقابل محمود خان خان اچکزئی کو کوئی ووٹ نہیں ملا۔