شب قدر آج انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائیگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ملک بھر میں شب قدر آج انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائیگی ، جامعات او ر مساجد میں کورونا و ائرس کے ایس او پیز کے مطابق ختم قرآن کی محافل اور خصوصی اجتماعات ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق شب قدر کے حوالے سےمساجد میں خصوصی عبادات کے اجتماعات بھی منعقد ہوں گے۔اجتماعات اور محافل کو ایس او پیز کے مطابق منعقد کیا جائیگا،خصوصی عبادات کے لئے ایس او پیز جاری کر رکھے ہیں،بادشاہی مسجد میں رات1بجے خصوصی دعا کی جائےگی،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد دعا کروائیں گے۔
لیلٰة القدر رمضان المبارک کی آخری 10طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے بھی یاد کیاجاتا ہے اس رات میں عبادت کرنے کی بہت تاکید کی گئی ہے۔لیلۃ القدر کے حوالے سے قرآن کریم میں آیا ہے کہ یہ رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس عظیم الشان رات کی عظمت و فضیلت کا ذکر کرتے ہوئے حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرمؐ نے ارشاد فرمایا،جب شب قدر آتی ہے تو حضرت جبرائیل امین فرشتوں کی جماعت کے ساتھ زمین پر آتے ہیں۔ ملائکہ کا یہ گروہ ہر اس بندے کے لئے دعائے مغفرت اور التجائے رحمت کرتا ہے جو ذکر الہیٰ اور عبادات میں مشغول ہوتا ہے۔
شب قدر کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں نماز عشاء سے سحری تک ختم قرآن پاک،ذکر الٰہی کی خصوصی محافل ،حسن قراُت ، حمد و نعت ،درود و سلام کی بابرکت تقریبات منعقد ہوں گی، اس رات شب بیداری ہو گی اور اہل اسلام رات بھر عبادت،ذکر اذکار اور نوافل ادا کریں گے۔ آج کی رات مسلمان اللہ تعالیٰ کے حضورمغفرت ، رزق میں کشادگی اور صحت کاملہ کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگیں گے ۔ دعاؤں، عبادات اور مناجات کا سلسلہ طلوع آفتاب تک جاری رہے گا ۔
اس موقع پر علمائے کرام قرآن پاک کے نزول اور اس کی قدر و منزلت پر روشنی ڈالیں گے جبکہ ملکی سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی مساجد کو برقی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا جاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسجدالحرام کے سینئر موذن شیخ عبدالرحمان انتقال کر گئے