جتنی جلد ی انتخابات میں ہو جائیں اتنا ہی معیشت کیلئے بہتر ہے،اسد عمر

May 09, 2022 | 00:32:AM

 (24 نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام کو جتنا دبائیں گے اتنا ان کا غصہ بڑھے گا، جوڈیشل ریفارمز کیلئے کافی کام ہوچکا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر بات چیت کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت رکاوٹیں ڈالے گی تو غیر قانونی ہو گا، آئین پرامن اجتماع کا حق دیتا ہے عدالت عظمیٰ کے فیصلے موجود ہیں، گھروں میں بیٹھے بچوں کو ایف آئی اے سے دھمکایا جارہا ہے، جلسوں میں اداروں پر بد ترین زبانی حملے کئے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 126 دن کے دھرنے سے تحریک انصاف بنی، پہلے پی ٹی آئی شہروں تک تھی، دھرنے کے بعد دیہات تک پیغام پہنچا، اسلام آباد میں بہت بڑی تعداد میں لوگ آئیں گے، گرفتاریوں سے نمٹنے کی مکمل حکمت عملی تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے باعث عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچ رہا ہے، عام پاکستانی نے بیانیہ عوامی زبان میں پھیلایا ہے، تحریک انصاف کو تاریخ کا سب سے بڑا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملا، 10 سال کی برآمدات سے زائد برآمدات ہمارے ایک سال میں کی گئیں، اپنے دورِ حکومت میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم از کم سطح تک لائے، عالمی وبا کے باوجود شاندار معاشی کامیابیاں حاصل کیں۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ معاشی نمو و ترقی میں پاکستان خطے میں سب سے آگے رہا، معیشت کے ڈھانچے میں غیرمعمولی اصلاحات کا منصوبہ تیار تھا، عدم اعتماد کی تحریک آنے سے آج تک ایک تہائی ذخائر ختم ہوگئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پورا نظام مفلوج ہے، امپورٹڈ حکومت سے فیصلے نہیں ہو رہے ہیں، جتنی جلد ی انتخابات میں چلے جائیں اتنا ہی ملکی معیشت کیلئے بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ساحل سمند رپرڈائینوسارکے بچے نکل آئے ،ویڈیو وائرل

مزیدخبریں