عمران نیازی اپنے ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے پاکستان کو رسوا کر رہا ہے، مولانا فضل الرحمان 

May 09, 2022 | 20:05:PM

(24 نیوز)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے عمران نیازی کے ساڑھے تین سالہ اقتدار بارے چارج شیٹ جاری کردی۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران نیازی اس قوم کا میر جعفر اور میر صادق ہے،اپنے ایجنڈے کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے تشویش میں مبتلا ہے۔سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ عوام نے ان کو پارلیمنٹ کے ذریعے اقتدار سے باہر نکالا ہے، اپنے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کو پوری دنیا میں رسوا کررہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اس نے ساڑھے تین سال ملک کو تباہ و برباد کردیا،ملک کو معاشی اور اخلاقی طور پر تباہ جبکہ سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار کردیا،کیا وہ اسی کردار کے ساتھ دوبارہ حکومت بنانا چاہتے ہیں،انہوں نے کہاکہ ہمارے دفاعی ادارے کے خلاف بیانات کا مقصد فوج کو تقسیم کرنا ہے،ہم نے ادارے کی کسی فرد کی رائے یا اس کے کسی اقدام سے کیا ہے لیکن فوج کے بحیثیت دفاعی ادارے کا ہمیشہ احترام کیا ہے، آج اس کے بیانات فوج میں انتشار ڈالنے کے لئے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ ایلیٹ کلاس کی ایک لابی اس کے پیچھے ہے،ہم ملک اور ملکی اداروں کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، وطن عزیز کے اداروں اور اس کے جغرافیائی سرحدات کی حفاظت کریں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اسلامی سربراہی کانفرنس میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی اور اب وہ ایک خاص قسم کی لابی کی پشت پناہی سے دفاعی ادارے کو تقسیم کرنا چاہتا ہے جو بہت بڑا جرم ہے۔
انہوں نے کہاکہ ساڑھے تین سال میں کرپشن کا ریکارڈ توڑا اور بین الاقوامی ادارے اس کے گواہ ہیں،عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا ،امریکہ کی آنکھوں میں کھٹکنے والا سی پیک منصوبہ امریکہ کے کہنے پر ساڑھے تین سال منجمد کئے رکھا،74 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک امریکی نیشنل کو سٹیٹ بنک کا گورنر بنایا،سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ امریکہ کی مخالفت کا ڈھونک رچانے والے کی کابینہ میں پندرہ سے زائد امریکی اور مغربی شہریت کے حامل لوگ کابینہ کے رکن رہے، دوبارہ اقتدار میں آنے کے لئے تڑپنا صرف اس لئے ہے کہ اپنے ناکام ایجنڈے کو پورا کرکے پاکستان کے وجود کو ختم کرنا ہے جو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف اور اس کا بھائی میر جعفر اور میر صادق ہیں ، عمران خان

مزیدخبریں