(24 نیوز)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکج کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کی منظوری دے دی. وزرات صنعت و پیداوار حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور گھی کو رعایتی قیمتوں پر مہیا کرنے کی ہدایت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصاری رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا،اجلاس میں رمضان ریلیف پیکیج کے تحت گندم اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی کی گئی،ای سی سی نے پسے ہوئے طبقے کیلئے آٹے اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی کی سمری منظور کرلی۔
ای سی سی نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 950 روپے سے کم کرکے 800 روپے ، چینی کی قیمت 85 روپے سے کم کرکے 70 روپے فی کلو کرنے کی منظوری دیدی، اس کے علاوہ ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی بھی منظوری دیدی۔
وزیراعظم ریلیف پیکج 2020 کی مئی اور جون تک توسیع کی بھی منظوری دی گئی ،ای سی سی نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی فروخت جاری رکھنے کی اجازت دیدی ، اس کے علاوہ پاسکو اور پنجاب کو اضافی گندم خریدنے کی منظوری دیدی گئی، پاسکو نے 1.20 ملین میٹرک ٹن اور محکمہ خوراک پنجاب نے 3.5 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کرلیا ۔
پاسکو کو 0.50 ملین میٹرک ٹن اور محکمہ خوراک پنجاب کو 1 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کی اجازت دی گئی، پاسکو 28.50 ارب روپے اور محکمہ خوراک پنجاب کو 145.50 ارب سے گندم خریدے گا۔ ملکی طلب کے مطابق 3 ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی اجازت دیدی گئی، اس کے علاوہ اجلاس میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: صدر عارف علوی نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی