سعودی وزارت حج و عمرہ کا رواں حج سیزن میں کووِڈ پابندیاں ختم کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے کہا ہے کہ 2023ء کے حج سیزن میں کووِڈ-19 کی پابندیاں ختم کردی گئی ہیں اور مملکت میں وبائی مرض سے قبل کے سال میں حجاج کی تعداد کے مساوی عازمینِ حج کی میزبانی کی جائے گی۔
کورونا وائرس کے وبائی مرض پھیلنے سے پہلے 2109ء آخری سال تھا جب قریباً 26 لاکھ فرزندانِ توحید نے فریضۂ حج ادا کیا تھا۔ سعودی عرب نے 2020ء اور 2021ء میں صرف مملکت میں مقیم مقامی شہریوں اور غیرملکی مکینوں کومحدود تعداد میں حج کی اجازت دی تھی جس کے بعد اس نے 2022ء میں 10 لاکھ غیرملکی عازمین کوفریضۂ حج ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔
وزارتِ حج وعمرہ نے سوموار کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اسلام کے مقدس ترین مقامات کا گھر سعودی عرب رواں سال موسم حج کیلئے عمر کی حد سمیت کوئی پابندی عاید نہیں کرے گا‘۔
یہ بھی پڑھیے: جدہ ایئر پورٹ نے عید کی تعطیلات کے دوران 44 لاکھ افراد کی میزبانی کی
یاد رہے کہ 2022ء میں 18 سے 65 سال تک کی عمر کے عازمین کرام کو حج کیلئے حجاز مقدس آنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ان پر مزید شرائط یہ عائد کی گئی تھیں کہ انھوں نے کورونا وائرس کیخلاف مکمل طور پر ویکسین یا حفاظتی ٹیکے لگوائے ہوں اور وہ کسی دائمی مرض میں بھی مبتلا نہ ہوں۔
حج سیزن 2023ء 26 جون سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران سعودی عرب نے دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک کو زیادہ محفوظ بنانے پر اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وسیع تر اقتصادی اصلاحات پر مبنی وژن 2030ء میں زائرین عمرہ اور حج کی سالانہ تعداد کو تین کروڑ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال قریباً ایک کروڑ 90 لاکھ افراد نے عمرہ ادا کیا تھا۔ مکہ مکرمہ میں کعبۃ اللہ کے طواف، صفا و مروہ کی سعی اور دیگر مناسک کی ادائیگی پر مشتمل یہ نفلی عبادت حج کے برعکس سال میں کسی بھی وقت انجام دی جاسکتی ہے۔