ایتھوپین ایئرلائن کی پاکستان کیلئے پروازیں 2 دہائی بعد بحال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(محسن الملک) ایتھوپین ایئرلائن کی پہلی پرواز دارالحکومت حکومت عدیس ابابا سے کراچی ایئرپورٹ پہنچی، ایتھوپیا کا اعلیٰ سطحی حکومتی وفد بھی پہلی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا۔
اس موقع پر پرواز کو واٹر سلیوٹ بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفد کا کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب اور معروف صنعتکار زبیر موتی والا، خالد تواب اوردیگر بھی ایئرپورٹ پرموجود تھے۔
ایتھوپین سفیر نے فضائی رابطوں کی بحالی کیلئے کلیدی کردار ادا کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایتھوپین ایئرلائن کا سلسلہ کراچی سے ایتھوپیا اور ایتھوپیا کو کراچی سے جوڑنے کا وسیلہ ہے، پروازوں سے سندھ اور ایتھوپیا میں سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کو فروغ ملےگا۔ کہا وقت آگیا ہے کہ افریقن ممالک کے ساتھ تجارت، سیاحت اور تعلقات بہتر کیے جائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین معاشی تعلقات میں مزید استحکام کیلئے ایتھوپیا کی قومی ایئرلائن کراچی سے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کرے گی۔