عمران خان کی گرفتاری پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا استفسار، کارروائی کی انتباہ

May 09, 2023 | 16:46:PM
عمران خان کی گرفتاری پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا استفسار، کارروائی کی انتباہ
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر برہمی کا ظہار کیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق سابق وزیراعظم عمران خان کی احاطہ عدالت سے گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت کررہے ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ہدایت لے کر فوری بتائیں یہ کام کس نے کیا، جس نے بھی یہ کیا ہے، غلط کیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ سیکرٹری داخلہ عدالت میں موجود کیوں نہیں ہے، 15 منٹ کا وقت دیا تھا، 45 منٹ ہوگئے ہیں، عدالت کے ساتھ مذاق بند کیا جائے، آئی جی صاحب روسٹرم پر آجائیں۔

یہ بھی پڑھیے: القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں عمران خان گرفتار

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ نیب نے عمران خان کو گرفتار کیا، عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ میرے پاس موجود ہیں، نیب نے فورسز سے مدد طلب کی تھی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کو اسلام آباد سے گرفتار کرنا تھا؟ جس پر آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ نہیں! عمران خان کو ہائیکورٹ سے گرفتار نہیں کیا گیا۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان کو تشدد کرکے گرفتار کیا گیا۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو فوری طلب کیا تھا۔

عدالت عالیہ نے آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو بھی طلب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: عمران خان کے طبی معائنے کیلئے 7 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل

چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا تھا کہ یہ کس طرح ہوا ہے، عمران خان کو کس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، اگر نہیں بتایا گیا تو وزیراعظم کو طلب کروں گا۔

قبل ازیں سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے حراست میں لیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کو نیب میں زیر تحقیق القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ عمران خان 2 کیسز میں پیشی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے تھے جہاں پہلے سے ہی پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔