عمران خان کی گرفتاری پر لاہور ، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں احتجاج

May 09, 2023 | 17:52:PM

This browser does not support the video element.

(24 نیوز ) چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔ 

تفصیلات کےمطابق نیب کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کیا گیا ہے ، جس پر پی ٹی آئی کے حامی سڑکوں پر نکل آ ئے ہیں ،  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، صوبائی درالحکومت لاہور  اور راولپنڈی سمیت چھوٹے بڑے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے احتجاج جاری ہے ۔ 

اسلام آباد میں نیب راولپنڈی کے میلوڈی آفس کے باہر پی ٹی آئی وکرز کی جانب سے احتجاج کیا گیا ، جس پر 10 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا،

راولپنڈی  میں احتجاجی کارکنوں کے پتھراؤ کے باعث لیاقت باغ کے قریب پولیس سب انسپکٹر زخمی  ہو گیا ،  سب انسپکٹر حال ہی میں ایس ایچ او تھانہ رتہ امرال  تعینات ہوئے تھے ، چودھری ریاض سر میں پتھر لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ 
 صوبائی دارالحکومت لاہور کی بات کی جائے تو ڈنڈا بردار فورس نے عمران خان کی گرفتاری کے فوراً بعد زمان پارک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ، پی ٹی آئی کارکنوں نے جیل روڈ پر ٹائرز جلا کر سڑک کو بلاک کر دیا ہے ، لبرٹی چوک  پر عمران خان کے حامیوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے دونوں اطراف کی سڑک کو بلاک کر دیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید تکلیف کا سامنا ہے ۔ 

بہاول پور میں انصاف لائرز فورم کے وکلاء کو فوری ڈسٹرکٹ کورٹس میں پہنچنے کی ہدایت کردی جبکہ چلاس میں پی ٹی آئی کارکنوں کا صدیق اکبر چوک پر احتجاج, ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

فیصل آباد میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں اور تاجروں کی گھنٹہ گھر چوک پر ہاتھا پائی، کارکنوں نےچوک گھنٹہ گھر اور اطراف کی مارکیٹیں بند کرا دیں۔

گوجرہ میں تحریک انصاف کےکارکنوں کا چوک ملکانوالہ پراحتجاج جبکہ مردان میں پی ٹی آئی کارکنوں نے کالج چوک میں روڈ بلاک کردی۔

پشاور کی بات کی جائے تو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کا پشاور میں ہشت نگری چوک پر اور استور میں خلفائے راشدین چوک پراحتجاجی مظاہرہ جبکہ مریدکے میں جی ٹی روڈ بلاک کردی گئی ہے، چیچہ وطنی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران چیچہ وطنی بائی پاس بند کردیا۔

فیصل آبادمیں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے غلام محمد آباد میں احتجاج جاری ہے، سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا،دوران احتجاج پی ٹی آئی کارکنان کی حکومت مخالف شدید نعرے بازی،عمران خان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کردیا۔

وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ کے ڈیرے کے باہر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان شدید پتھراؤ  کا سلسہ جاری ہے۔ 

رحیم یارخان میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج جاری ہے ، مظاہرین نےاقبال آبادکےمقام پرٹائرجلاکرقومی شاہراہ کومکمل طورپربندکردیاہے،مظاہرین کہتےہیں کہ عمران خان کی گرفتاری قابل مذمت ہےجب تک عمران خان رہانہیں ہوں گےاحتجاج کادائرہ کاروسیع کرتےجائیں گے۔ 

عمران خان کے اپنے شہر میانوالی میں بھی پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری پراحتجاج جاری ہے، رہنما ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں کارکنان کی بڑی تعداد وتہ خیل چوک جمع ہو گئی ، پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائر جلا کر وتہ خیل چوک کو چاروں اطراف سے بند کر دیا ،روڈ بند ہو نے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں،  ضلع بھر سے پی ٹی آئی کارکنان کے قافلے وتہ خیل چوک پہنچ رہے ہیں۔

 ڈسٹرکٹ بار ملتان میں عمران خان کی گرفتاری پر وکلاء کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ  کیا ، وکلاء نے عمران خان کی  گرفتاری کی مزمت کرتے ہوئے ان کے حق میں نعرے بازی کی ۔

مزیدخبریں