(24 نیوز)چیئر مین تحریک انصاف عمران کی گرفتاری پر کارکنان نے پولیس چوکی پر دھاوا بولتے ہوئے موٹر سائیکلوں کو آگ لگادی۔
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کیا گیا ہے ، جس پر پی ٹی آئی کارکنان آپے سے باہر ہو گئے ، کراچی بلوچ کالونی فلائی اوور کے نیچے قائم ٹریفک پولیس چوکی پر کھڑی موٹر سائیکلوں کوآگ لگا کر جلادیا۔
راولپنڈی میں بھی احتجاج کرتے ہوئے کارکنوں کے پتھراؤ کے باعث لیاقت باغ کے قریب پولیس سب انسپکٹر زخمی ہو گیا ، سب انسپکٹر حال ہی میں ایس ایچ او تھانہ رتہ امرال تعینات ہوئے تھے ، چودھری ریاض سر میں پتھر لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی ڈنڈا بردار فورس نے عمران خان کی گرفتاری کے فوراً بعد زمان پارک کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے جیل روڈ پر ٹائرز جلا کر سڑک کو بلاک کر دیا ۔