(علی رامے)پاکستان تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے احتجاج پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات جاری کر دی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کمیٹی اور انسپکٹر جنرل پولیس لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو ہمہ وقت مانیٹر کریں اور حالات کے مطابق اقدامات اٹھائیں،صوبہ بھر میں امن عامہ کی فضا قائم رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں،عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ،قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، احتجاج کی آڑ میں عوام کے روزمرہ معمولات زندگی میں کسی کو بھی خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن سٹرکوں کو بند کرنا اور املاک پر حملے کسی بھی صورت برداشت نہیں، امن عامہ کی فضا برقرار رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے جسے احسن انداز سے نبھایا جائے گا ۔