کہیں دھوپ، کہیں بادل برسیں گے، موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کومل اسلم)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور بارش جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، آزاد کشمیراور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقا مات پربھی بارش ہونے کاامکان ہے۔
پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے کہا ہے کہ 10 مئی تک صوبے میں دن کے درجہ حرارت میں 5 ڈگری اضافے کا امکان ہے,ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق میدانی علاقے ہیٹ ویو کی زد میں آسکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 12 مئی تک گرد آلود ہواؤں اور بارش کے امکانات بھی ہیں,علاوہ ازیں 10 اور 11 مئی کو جنوبی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور گر د و نواح میں موسم گرم اور خشک جبکہ مری،گلیات اورگردونواح میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ہے، مستونگ،زیارت، قلعہ عبداللہ اورقلعہ سیف اللہ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، قلات، موسیٰ خیل اورژوب میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، کرم،باجوڑ، مہمند، خیبر، سوات،چترال، دیراورکوہاٹ میں بھی بارش ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی گرمی کی شدت برقراررہے گی، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، آج کراچی کا درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں گرمی کی شدت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہو گی، اس وقت مغربی سمت سے 11کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل رہی ہیں، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گوادر: نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، کوارٹر میں سوئے 7 افراد قتل
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ بارش کا کوئی امکان ظاہرنہیں کیا گیا جبکہ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ ہوا کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی اور ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد رہا۔
محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز لاہور میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے بعد ممکنہ طور پر درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں 170ریکارڈ کی گئی جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ٹھوکر 170، سید مراتب علی روڈ پر آلودگی کی شرح 169ریکارڈ کیا گیا۔