وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ سے چینی سفیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

May 09, 2024 | 11:39:AM

(24 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈانگ نے ملاقات کی،دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

ملاقات کے دوران پاک چین تعلقات، سی پیک، پاکستانی معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی،وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دنیا بھر کی نظریں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین پر جمی ہیں، وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا، دورہ کے دوران نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال اور سی پیک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی گفتگو ہوگی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ  نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی، اعتماد اور باہمی احترام کی بنیادوں پر تعلقات استوار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات جامع سٹریٹجک شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم منصوبہ ہے، چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، سی پیک کی بدولت چینی مصنوعات کی پاکستان اور پاکستانی مصنوعات کی چین کی مارکیٹوں تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں کئی بڑے منصوبوں کی تکمیل میں چینی تعاون قابل رشک ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے چینی سفیر کو حکومت کے معاشی اقدامات اور سعودی عرب و ایران کے اعلیٰ سطح وفود کے دوروں سے متعلق بھی آگاہ کیا،عطاء اللہ تارڑ نے چینی سفیر کو پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر چینی سفیر نے حکومت کے معاشی اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔
 

مزیدخبریں